منگلورو،19/اگست (ایس اونیوز) منگلورو ایئر پورٹ کے سابق ڈائریکٹر کے فون پرایئر پورٹ کے احاطے میں بم رکھنے کی خبر موصول ہونے کے بعد تھوڑی دیر کے لئے ماحول گرم ہوگیا، لیکن تحقیقات کرنے اور تلاشی لینے پر یہ بات جھوٹی ثابت ہوئی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق منگلورو ایئر پورٹ پر ماضی میں خدما ت انجام دینے والے وظیفہ یاب ڈائریکٹر کے موبائل فون پرآج دوپہر کو کسی نے خبر دی تھی کہ ایئرپورٹ کے اندر بم رکھا ہوا ہے۔یہ بات معلوم ہونے پر سنٹرل انڈسٹریل سیکیوریٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے جوانوں نے پوری ایئر پور ٹ تلاشی لی اور انہیں کوئی بھی مشتبہ چیز وہاں پر دستیاب نہیں ہوئی۔تحقیقاتی ٹیم نے فون کال کے ٹاور لوکیشن کی بنیا دپر کارکلا کے علاقے میں بھی تفتیشی کارروائی انجام دی۔